بنگلورو،25؍فروری(ایس او نیوز) نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا کہ آپریشن کنول کے متعلق آڈیو سی ڈی معاملہ کی جانچ خصوصی تحقیقاتی ٹیم ( ایس آئی ٹی) سے کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس سے حکومت پیچھے نہیں ہٹے گی۔
داونگرے میں اخباری نمائندوں کو انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت آڈیو معاملہ کی جانچ ایس آئی ٹی کو سونپی ہے ۔ عدالت نے رائچور کے دیودرگہ میں داخلہ ایف آئی آر پراسٹے لگادیا ہے۔ لیکن ایس آئی ٹی جانچ سے اس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد ایس آئی ٹی تشکیل دے کر معاملہ کی جانچ آگے بڑھائی جائے گی۔
نائب وزیر اعلیٰ پرمیشور نے بتایا کہ درج فہرست و قبائل ملازمین کے لئے ترقی میں ریزرویشن کے متعلق کل ہونے والے ریاستی کابینہ اجلاس میں ایک اور مرتبہ تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل کابینہ اجلاس میں سابقہ حکومت نے ایس سی ایس ٹی ملازمین کیلئے ترقی میں ریزرویشن کے متعلق جو قوانین مرتب کی ہیں اس پر عمل کرنے کا فیصلہ کیاتھا ۔ اس سلسلہ میں قوانین مرتب کرنے کا بھی اقدام کیا گیا تھا۔